اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں سیدہ زینب حسین کی پریس کانفرنس

گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں ڈاکٹر سیدہ زینب حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کلرسیداں کو درپیش مسائل ان کے  تدارک اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تحصیل کلرسیداں میں بھی نمبر داروں کے ذریعے سبزیاں کاشت کی جائیں گی جو بعد ازاں شہریوں میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے حکومت نمبر داروں کوبیج کھاد اوردیگر تمام ضروری سہولیات اور معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر کلرسیداں کے نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے تحصیل بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں اور ناجائز منافع خوری، گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مضر صحت گوشت مرغی کے تدارک کے لئے بھی فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں تحصیل کلرسیداں میں گڈ گورننس کے فروغ کے لیے تمام سرکاری محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کسی بھی شہری کے جائز کام میں غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بروقت اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریائے جہلم کے دلکش کنارے پر واقع دانگلی آزاد کشمیر کو ایک جدید اور پرکشش سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ سفارشات پر مشتمل خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر ماڈل پر اراضی کے حصول کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کے ذریعے سیاحت کو فروغ، روزگار کے نئے مواقع اور سرکاری ریونیو میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا دانگلی اپنی قدرتی خوبصورتی، دریائے جہلم کے دلکش مناظر اور جغرافیائی اہمیت کے باعث ایک مثالی سیاحتی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر اس منصوبے پر عملی پیش رفت ہوتی ہے تو نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ علاقے میں ترقی کے نئے باب بھی کھلیں گے۔انہوں نے مقامی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور نجی شعبے کے اداروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو افراد یا کمپنیاں انتظامیہ کے ساتھ شراکت داری میں اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتی ہیں وہ آگے آئیں۔ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ دانگلی کو جدید سہولیات سے آراستہ ایک مثالی سیاحتی مقام بنایا جا سکے، جو آزاد کشمیر اور پنجاب دونوں کے لیے معاشی اور سیاحتی لحاظ سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دودھ اور دہی فروشوں کو روزانہ کی بنیا د پر  جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور الیکٹرو میٹر کے ذریعے دودھ اور دہی کی کوالٹی کو چیک کیا جاتا ہے۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ مہنگے داموں دودھ اور دہی فروخت کرنے والوں کیخلاف بائیکاٹ کریں قیمتیں خود بخود نیچے آ جائیں گی۔کلرسیداں ایم سی و تحصیل میں صفائی ستھرائی انتظامات میں نقائص   کی صحافیوں کی جانب سے نشاندہی کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ستھرا پنجاب حکومت پنجاب کا  بہترین  منصوبہ ہے تا ہم اس میں موجود خامیوں پر صرف نظر نہیں برتا جا سکتا  انتظامیہ  صفائی ستھرائی کے معاملات کو چیک کرنے کےلئے بیٹ پلان تیار کیا گیا ہے جسے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جاتا ہے  غیر حاضر رہنے اور  فیلڈ میں کام نہ کرنے والے ملازمین کی تنخوائیں روک دی جاتی ہیں اور ستھر ا پنجاب کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں پندرہ سو کی آبادی پر ایک ڈرم نصب کیا گیا ہے جبکہ کوڑا دان پھینکنے کےلئے  ایم سی میں کینٹینر رکھے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ مہینے کے ایک بار کھلی کچہری کا بھی اہتمام کیا جائے گا تا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی ممکن ہو سکے