تحریر: رفیع صحرائی
دنیا بھر میں 14 نومبر کو عالمی یومِ ذیابیطس منایا جاتا ہے۔ دنیا اس وقت جن بڑے طبی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ان میں ذیابیطس ایک ایسا خاموش بحران ہے جو بظاہر کسی شور و غوغا کے بغیر انسانی زندگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ یہ بیماری نہ صرف لاکھوں انسانوں کی صحت، توانائی اور صلاحیتوں کو متاثر کر رہی ہے بلکہ خاندانوں کی معاشی حالت اور قومی صحت کے نظام پر بھی بھاری بوجھ بن رہی ہے۔ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ بہت سے لوگ برسوں تک اس مرض میں مبتلا رہنے کے باوجود اپنی بیماری سے بے خبر رہتے ہیں۔ اسی لیے عالمی یومِ ذیابیطس 2026ء کی تھیم ’’Early Action on Diabetes‘‘ یعنی ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام‘‘ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ بروقت تشخیص، مناسب علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس بیماری کے تباہ کن اثرات سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
یہ تھیم اس لحاظ سے بھی بڑی اہم ہے کہ ہم شوگر کے علاج میں بے اعتنائی برتتے ہیں۔ ہم بیماری کی علامات ظاہر ہونے تک معالج سے رجوع نہیں کرتے۔ دیہی علاقوں میں آگاہی اور طبی سہولتوں کی کمی، غربت اور غیرمستند علاج اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ بعض لوگ مستند طبی مشورے کے بجائےٹوٹکوں، نیم حکیمی نسخوں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نام نہاد علاج پر انحصار کرنے لگتے ہیں۔ نتیجتاً بیماری کک تشخیص اور علاج میں تاخیر تاخیر ہو جاتی ہے۔
بین الاقوامی ذیابیطس فیڈریشن (IDF) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 20 سے 79 سال کی عمر کے تقریباً 58 کروڑ 90 لاکھ افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان میں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ افراد ایسے ہیں جنہیں اپنی بیماری کا علم ہی نہیں۔ مزید برآں تقریباً 63 کروڑ 50 لاکھ بالغ افراد ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے سے دوچار ہیں۔ یہ اعداد و شمار محض ہندسے نہیں بلکہ ایک ایسے عالمی صحت کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں جس سے نمٹنے کے لیے انفرادی کوششوں کے ساتھ اجتماعی اور حکومتی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ صورتِ حال خصوصی تشویش کا باعث ہے۔ ہمارے ہاں ذیابیطس کے پھیلاؤ میں غیر صحت مند طرزِ زندگی، جسمانی سرگرمیوں کی کمی، غیر متوازن خوراک، موٹاپے اور بیماری سے متعلق آگاہی کی کمی اہم عوامل ہیں۔ شہری زندگی نے جہاں سہولتیں بڑھائی ہیں، وہاں پیدل چلنے اور جسمانی مشقت کے مواقع کم کر دیے ہیں۔ نوجوانوں میں فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات اور بازاری خوراک کا بڑھتا ہوا استعمال بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ دوسری طرف چالیس سال سے زائد عمر کے افراد ہی نہیں، اب نسبتاً کم عمر لوگ بھی اس بیماری کا شکار ہو رہے ہیں۔
ذیابیطس کی سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس اکثر خاموشی سے نشوونما پاتی ہے۔ بعض افراد کو ابتدا میں کوئی نمایاں علامت محسوس نہیں ہوتی، جبکہ کچھ لوگوں میں بار بار پیاس لگنا، پیشاب کی زیادتی، غیر معمولی تھکاوٹ، بھوک میں اضافہ، وزن میں غیر متوقع کمی، نظر دھندلانا اور زخموں کا دیر سے مندمل ہونا جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں لوگ ان علامات کو معمولی سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں اور اس وقت ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں جب بیماری جسم کے دوسرے اعضا کو متاثر کرنا شروع کر چکی ہوتی ہے۔
ذیابیطس کو معمولی بیماری سمجھنا سنگین غلطی ہے۔ خون میں شوگر کی مسلسل زیادتی دل کی بیماریوں، گردوں کی خرابی، بینائی متاثر ہونے، اعصابی نظام کو نقصان پہنچنے اور پاؤں کے زخموں جیسی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ بعض مریضوں کو زندگی بھر علاج اور طبی نگرانی کی ضرورت رہتی ہے۔ اس لیے بیماری کی تشخیص کے لیے بلڈ شوگر اور HbA1c جیسے ٹیسٹ مستند طبی مشورے کے مطابق کروانا ضروری ہے۔ بالخصوص ایسے افراد جن کے خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ موجود ہو، جو موٹاپے کا شکار ہوں یا جنہیں دیگر خطرے کے عوامل لاحق ہوں، انہیں باقاعدہ طبی معائنہ کروانا چاہیے۔
یہاں ایک اہم حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے کے لیے روزمرہ زندگی میں معمولی تبدیلیاں بھی غیر معمولی نتائج دے سکتی ہیں۔ متوازن غذا، سبزیوں، دالوں، پھلوں اور فائبر سے بھرپور خوراک کا استعمال، میٹھے مشروبات اور اضافی چینی میں کمی، مناسب نیند اور روزانہ جسمانی سرگرمی اس سلسلے کی بنیادی ضرورتیں ہیں۔ باقاعدہ چہل قدمی اور وزن کو مناسب حد میں رکھنا بھی شوگر کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ تاہم یہ سمجھنا ضروری ہے کہ صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کے باوجود ہر شخص ذیابیطس سے مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو جاتا، اس لیے اسکریننگ اور طبی مشورے کی اہمیت برقرار رہتی ہے۔
حکومت کی ذمہ داری بھی محض عالمی دن منانے اور آگاہی کے اشتہارات جاری کرنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ذیابیطس کی مفت یا کم قیمت اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے۔ تعلیمی اداروں میں بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند خوراک اور ورزش کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔ میٹھے مشروبات کے بے تحاشا استعمال کی حوصلہ شکنی، خوراک کے معیار میں بہتری اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے مؤثر پالیسی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ انسولین، ضروری ادویات اور شوگر چیک کرنے کے آلات عام آدمی کی پہنچ میں ہونے چاہئیں تاکہ علاج صرف صاحبِ استطاعت طبقے تک محدود نہ رہے۔
ذرائع ابلاغ، اخبارات، ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا کو بھی اس مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ذیابیطس کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کا ازالہ، بروقت ٹیسٹ کی ترغیب اور مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ذیابیطس کسی شخص کی کمزوری یا کردار کی خامی نہیں بلکہ ایک طبی کیفیت ہے جس کے ساتھ مناسب علاج اور احتیاط کے ذریعے بھرپور زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ مریضوں کو تنقید اور احساسِ کمتری میں مبتلا کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عالمی یومِ ذیابیطس کو محض ایک رسمی دن کے طور پر منانے کے بجائے اسے قومی صحت کے شعور کی تحریک بنائیں۔ ہر خاندان میں بلڈ شوگر کی جانچ کو معمول بنایا جائے، ہر فرد اپنی صحت کے بارے میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے اور حکومت عوام کو بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کرے۔
یاد رکھیے! ذیابیطس کے خلاف جنگ بیماری کے شدید ہونے کے بعد نہیں بلکہ اس کے خطرے کو پہچاننے، بروقت تشخیص اور احتیاط سے شروع ہوتی ہے۔ آج کا ایک بروقت ٹیسٹ، کل کی کسی بڑی پیچیدگی سے بچا سکتا ہے۔ یہی عالمی یومِ ذیابیطس 2026ء کا پیغام ہے اور یہی ہماری اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔ ذیابیطس کو نظرانداز نہیں بلکہ بروقت چیلنج کیجیے، کیونکہ احتیاط، آگاہی اور بروقت اقدام ہی صحت مند زندگی کی ضمانت ہیں۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.