(پنڈی پوسٹ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کو فیملی پنشن سے محروم کرنے کے احکامات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے فیملی پنشن کو صرف بیوہ یا شوہر تک محدود کرنے کی پابندی غیر قانونی قرار دے دی۔
عدالت نے تین بیٹیوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کی جانب سے 30 مئی 2025 کو جاری کی گئی وضاحت کو بلااختیار قرار دے کر کالعدم کر دیا۔ اس کے علاوہ دسمبر 2024 اور اگست 2025 کے نوٹیفکیشنز کو بھی متعلقہ حد تک غیر مؤثر قرار دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ قواعد و ضوابط اصل قانون سے تجاوز نہیں کر سکتے اور پنشن حکومت کی طرف سے دی جانے والی کوئی مہربانی نہیں بلکہ ایک قانونی حق ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ قانون میں لفظ ’’فیملی‘‘ استعمال کیا گیا ہے، جس کی تشریح صرف شوہر یا بیوہ تک محدود نہیں کی جا سکتی۔عدالت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے اور 60 روز کے اندر قانون کے مطابق ان کے مقدمات کا دوبارہ فیصلہ کیا جائے۔