مری؛اسکول وین کھائی میں جاگری،آگ لگنے سے 11 بچے جل گئے

(پنڈی پوسٹ نیوز)مری میں سائن روڈ مسیاڑی کے مقام پر نجی اسکول وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 بچے جھلس گئے۔ڈی پی او مری کے مطابق 4 شدید جھلسے بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 7 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مری منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ریسکیو اور پولیس مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کو تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔

اسی طرح عائشہ دختر کلیم تقریباً 42 فیصد جھلسنے کے زخموں سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق باقی 8 بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں۔ ان 8 بچوں میں سے 2 بچے جھلسنے سے محفوظ رہے، جبکہ باقی 6 بچوں کو 10 فیصد سے کم جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔امدادی کارروائی کے دوران گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔