پاکستان کی میز بانی میں ایس سی اوکا اہم اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں ہوگا

(پنڈی پوسٹ نیوز)پاکستان کی زیرِ صدارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے قومی کوآرڈینیٹرز کا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں ہوگا، جس میں رکن ممالک کے قومی کوآرڈینیٹرز اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے نمائندے شرکت کریں گے۔دفترِ خارجہ کے مطابق اجلاس کی صدارت پاکستان کے قومی کوآرڈینیٹر کریں گے۔ اجلاس میں ایس سی او کے درمیان باہمی تعاون اور رابطہ کاری سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران تنظیم کی سرگرمیوں کے پروگرام اور آئندہ اجلاسوں و تقریبات کی تیاریوں پر بھی غور ہوگا۔

پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کر رہا ہے۔ اس دوران پاکستان کی ترجیحات میں باہمی رابطوں کا فروغ، جدت، معاشی تعاون میں اضافہ اور رکن ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے۔دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران ایس سی او کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

قومی کوآرڈینیٹرز کا اجلاس پاکستان کی چیئرمین شپ کے تحت ایس سی او کی سرگرمیوں کے آغاز کی اہم کڑی ہوگا اور تنظیم کے مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور سرگرمیوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔ان اہم سرگرمیوں میں 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس بھی شامل ہے۔