راولپنڈی میں کینسر کے مریضوں کیلئے اچھی خبرجدید کیروابلیشن سے مفت علاج شروع

(پنڈی پوسٹ نیوز)راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں جدید کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کے علاج کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت منتخب مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس جدید علاج کے لیے 15 پروب اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ ایک پروب کی مالیت تقریباً 16 لاکھ روپے ہے، جبکہ ہر پروب صرف ایک مریض کے علاج کے لیے استعمال ہوگا۔

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال، بینظیر بھٹو اسپتال، راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال اور پی کے ایل آئی سے کینسر کے مریضوں کے کیسز کی اسکریننگ اور فلٹرنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ لیور، پھیپھڑوں، بریسٹ اور گردوں کے کینسر میں مبتلا ایسے مریض جن کے ٹیومر کا سائز 2 سینٹی میٹر تک ہوگا، کیرو ابلیشن کے لیے منتخب کیے جا سکیں گے۔کیرو ابلیشن کے طریقۂ علاج میں ٹیومر کو انتہائی کم درجۂ حرارت پر تقریباً منفی 180 ڈگری سینٹی گریڈ تک منجمد کیا جاتا ہے، جبکہ بعد ازاں زیادہ درجۂ حرارت کے ذریعے اسے ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

علاج سے قبل مریضوں کی نوری اسپتال اسلام آباد کے ماہر ڈاکٹرز سے کنسلٹیشن بھی کروائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 15 مریضوں کا کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے علاج کیا جائے گا، جس کے بعد مزید مریضوں کے لیے پروب فراہم کیے جائیں گے۔انتظامیہ کے مطابق کیرو ابلیشن کے ذریعے علاج کے لیے مریضوں سے کسی قسم کے چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔ تاہم 2 سینٹی میٹر سے بڑے ٹیومر والے مریض اس طریقۂ علاج کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔