ٹکال کی جغرافیائی وحدت بحال، تقسیم کا فیصلہ کالعدم

چوآ خالصہ(پنڈی پوسٹ نیوز) پروونشل الیکشن کمشنر پنجاب نے ٹکال کی تقسیم ختم کرتے ہوئے پورے موضع/پٹوار سرکل ٹکال کو ایک متحد جغرافیائی و ریونیو یونٹ کے طور پر یونین کونسل نمبر 6 چوآ خالصہ میں برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

حکم کے مطابق ٹکال کی سابقہ تقسیم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے ٹکال کو UC-6 چوآ خالصہ میں بحال کردیا گیا، جبکہ سہوٹ بگیال کے دو سینسس بلاکس کی غلط اندراج کی بھی تصحیح کرتے ہوئے انہیں UC-6 چوآ خالصہ میں شامل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب میرگلہ خالصہ اور پیرہالی کو UC-5 سموٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس قانونی کامیابی کا آغاز چودھری ارشد محمود کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کرنے سے ہوا، جس کے بعد معاملہ پروونشل الیکشن کمشنر پنجاب کے روبرو دوبارہ زیرِ سماعت آیا۔

مقدمے کی قانونی تیاری اور مؤثر پیروی میں راجہ عمیر طارق ایڈووکیٹ، شاہد محمود سنگرال ایڈووکیٹ اور سمیر حسن ایڈووکیٹ نے نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ چودھری امتیاز چیف مہربان اور دیگر اہلِ علاقہ کی مسلسل پیش قدمی، محنت اور تعاون بھی ٹکال کی جغرافیائی وحدت اور پرانی شناخت کی بحالی کی جدوجہد میں اہم قرار دیا گیا ہے۔