پاکستان سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا گیا، جس کے تحت 14 ستمبر 2026 سے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے لیے نادرا کا جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 14 ستمبر کے بعد مسافروں کو نادرا کے جاری کردہ ویکسینیشن ریکارڈ کے بغیر بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ہدایت نامے کے تحت مسافروں کے لیے پولیو، گردن توڑ بخار، یلو فیور (زرد بخار) اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن سے متعلق سرٹیفکیٹ ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویکسین صرف وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری سے لگوائیں اور سفر سے قبل نادرا کا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازماً حاصل کریں۔محکمے نے عمرہ زائرین کو بھی خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنا نادرا ویکسینیشن کارڈ ضرور حاصل کرلیں۔ ایئرلائنز کو بھی طیارے میں سوار کرنے سے قبل مسافروں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ چند روز میں ایئرپورٹ پر ویکسینیشن اور نادرا سرٹیفکیٹ کے اجرا کی سہولت بھی فراہم کردی جائے گی۔ تاہم ویکسین لگوانے کے خواہش مند مسافروں کو اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا۔دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بھی ہدایت نامے کی روشنی میں بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف کا حصول لازمی قرار دیا ہے۔