(پنڈی پوسٹ نیوز)افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا 1973ء میں سینیٹ کے قیام کے بعد ڈیجیٹل سفر میں نئے دور کا آغاز ہے، یہ محض موبائل ایپ کا اجرا نہیں بلکہ کام اور سوچ کے نئے انداز کی جانب پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے نئے عزم کے ساتھ سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی جاری ہے، یہ ڈیجیٹل اقدام سینیٹ اور ارکان کی کارکردگی پر دور رس مثبت اثرات مرتب کرے گا، جدید پارلیمانی ادارے کی تشکیل میں سینیٹ موبائل ایپ معاون ثابت ہوگی۔
قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارلیمانی و حکومتی امور بڑی حد تک روایتی اور دستی نظام کے تحت انجام پاتے رہے، روایتی نظام میں عوامی خدمت کے بجائے انتظامی مراحل اور کارروائیوں میں خاصا وقت صرف ہوتا تھا، وہ وقت گزر گیا، اب حالات بدل چکے ہیں، ٹیکنالوجی و جدت اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا ایک تزویراتی پیش رفت ہے، ایوان بالا کو ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا، سینیٹ سیکرٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا ہے اور ای آفس نظام کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے، ڈیجیٹل تبدیلی کا مقصد وقت کی بچت، کارکردگی میں اضافہ اور غیر ضروری مراحل کا خاتمہ ہے، ڈیجیٹلائزیشن محض سہولت نہیں بلکہ ادارہ جاتی استعداد اور مؤثریت میں اضافے کا ذریعہ ہے۔
قائم مقام صدر کے مطابق نظام مربوط اور بلاتعطل ہوں تو آئینی فرائض پر توجہ مرکوز کی جاسکتی ہے، پارلیمان اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے پارلیمانی سرگرمیوں کی بروقت معلومات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز عوام کو رائے اور آراء کے اظہار کے مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ذرائع غلط معلومات کے تدارک میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈیجیٹل آرکائیوز کے دائرہ کار میں توسیع کی جا رہی ہے، مستند پارلیمانی معلومات ارکان، محققین اور عوام کیلئے زیادہ آسانی سے دستیاب ہو رہی ہیں، ڈیجیٹل آرکائیوز سے شفافیت میں اضافہ اور جمہوری اداروں پر اعتماد مضبوط ہوگا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کسی ایک اقدام یا ایک مرتبہ کی کاوش کا نام نہیں بلکہ مسلسل سفر ہے، سینیٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب یہ ایک چھوٹا قدم ہے تاہم جدید پارلیمانی جمہوریت کیلئے بڑا اقدام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدت اور ٹیکنالوجی محض جدت کی خاطر نہیں اپنانی چاہیے، ٹیکنالوجی کا مقصد جمہوریت کو زیادہ شفاف، مؤثر اور عوام کے قریب لانا ہونا چاہیے، سینیٹ موبائل ایپ جدید، مؤثر اور عوام دوست ایوان بالا کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان بالا پاکستان کے عوام کی عزت، وقار اور مؤثریت کے ساتھ خدمت کر رہا ہے، موبائل ایپ کی تیاری پر سیکریٹری سینیٹ اور پورے سینیٹ سیکریٹریٹ کی محنت قابل تحسین ہے، شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی محنت اور لگن بھی قابل تحسین ہے۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ سیکریٹریٹ اور آئی ٹی شعبے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارکان سینیٹ نئی ٹیکنالوجی کو بھرپور انداز میں اپنائیں، نئی ٹیکنالوجی کو پارلیمانی ذمہ داریوں اور عوام سے رابطے کیلئے مؤثر بنایا جائے۔سینیٹ موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، سینیٹرز، اعلیٰ حکام اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔