راولپنڈی میں طوفانی بارشیں اور سیلابی صورتحال کشتیاں چل پڑی

راولپنڈی\ اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ طوفانی اور موسلا دھار بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی آگئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے اور شاہراہیں زیرِ آب آنے پر ریسکیو 1122 نے متاثرہ علاقوں میں کشتیاں چلا کر ہنگامی امدادی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈھوک کلا خان، صادق آباد اور مری روڈ سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو چکا ہے، جہاں محصور شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واسا اور ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے بھی الرٹ کر دیے گئے ہیں۔