محکمہ ریونیو میں شفافیت، عوامی خدمت اور میرٹ اولین ترجیح، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی: نائب تحصیلدار زہرہ انور

سرگودھا (شکیل خان بلوچ سے ) عوام کو بروقت، شفاف اور باوقار خدمات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی سلسلے میں نائب تحصیلدار زہرہ انور نے کہا ہے کہ کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کے جائز اور قانونی کام بلا تاخیر اور مکمل میرٹ پر انجام دیے جائیں گے، جبکہ غیر ضروری تاخیر اور شہریوں کو پریشان کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نائب تحصیلدار زہرہ انور نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شفافیت، میرٹ، دیانت داری اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تمام احکامات اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہترین اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں، انہوں نے کہا کہ تحصیل بھر کے تمام پٹوار خانوں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور پٹواریوں سمیت تمام ریونیو عملے کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انتقالات، فردات، رجسٹری سے متعلق امور، وراثتی اندراج، گرداوری، اصلاح ریکارڈ، حد بندی اور دیگر ریونیو معاملات میں عوام کو بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے، تمام قانونی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے،

نائب تحصیلدار زہرہ انور نے کہا کہ یہ ادارہ عوام کی خدمت کے لئے قائم کیا گیا ہے، اور ہر سرکاری ملازم کا فرض ہے کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے، انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سطح پر کسی ملازم کی جانب سے رشوت طلب کرنے، غیر قانونی مطالبہ کرنے یا شہریوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنے کی شکایت موصول ہوئی، تو اس کے خلاف بلاامتیاز سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سائلین کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایت، مسئلہ یا تجویز لے کر میرے دفتر آ سکتا ہے، عوام کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا اور ان کے جائز مسائل کے فوری اور قانونی حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی درستگی، زمینوں کے تنازعات کے بروقت حل، سرکاری واجبات کی وصولی، لینڈ ریکارڈ سے متعلق معاملات کی بہتری اور عوام کو آسان، شفاف اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جدید انتظامی نظام اور مؤثر نگرانی کے ذریعے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت اور ہدایات کے مطابق کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، عوامی خدمت کے معیار کو بلند کیا جائے گا اور ہر شہری کے جائز حق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت ہی کامیابی کی بنیاد ہیں اور ان اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا