
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل کلر سیداں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں سیدہ زینب حسین بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں دورے کا آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلر سیداں سے ہوا،ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، ان ڈور وارڈز، لیبارٹری، ایکسرے ڈیپارٹمنٹ، شعبۂ اطفال، مردانہ و زنانہ وارڈز سمیت دیگر شعبوں کا جائزہ لیا اور صفائی، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، عملے کی کارکردگی اور مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیامریضوں نے علاج معالجے، مفت ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور عملے کے حسنِ سلوک پر اطمینان کا اظہار کیا ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے سے جاری رکھنے کی ہدایت کی دورے کے دوران ہسپتال کے احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی بعد ازاں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے میونسپل کمیٹی کلر سیداں کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں میونسپل کمیٹی کی جاری ترقیاتی سکیموں، شہری سہولیات اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی کے اقدامات کے علاوہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی، اراضی ریکارڈ، انتقالات، ریونیو سروسز اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ تعمیر پبلک لائبریری کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، ریونیو امور میں شفافیت، عوام کو معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران و عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے دھان گلی کا دورہ بھی کیا،انہوں نے مجوزہ ٹورسٹ پوائنٹ کے لیے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیاحتی امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں مقام کی نشاندہی اور منصوبہ بندی جلد مکمل کی جائے ڈپٹی کمشنر نے دھان گلی چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا،سکیورٹی انتظامات، اہلکاروں کی تعیناتی اور چیکنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چیک پوسٹ پر مؤثر نگرانی، قانون کی عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع راولپنڈی میں صحت، ریونیو، بلدیاتی خدمات، سیاحت، صفائی اور امن و امان سے متعلق امور میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں تاکہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔







