وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ نائن بازار میں ایک بار پھر سے آگ لگ گئی،فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف جبکہ آگ بجھانے کیلئے راولپنڈی سے ریسکیو کی اضافی گاڑیاں طلب کی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 75 فیصد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے،9 سیکشنز پر آگ لگی، 6 پر قابو پا لیا گیا ہے،باقی 3 سیکشنز میں بھی آگ بجھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر فی الفور موقع پر پہنچے،امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیمز نے بھی حصہ لیا۔

آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں،بازار میں ایل پی جی سیلنڈرز کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری ہیں۔

ایل پی جی سیلنڈرز کے استعمال پر گزشتہ روز 9 دکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا،ایل پی جی سیلنڈرز کے بازاروں میں استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ایچ نائن بازار کے 9حصوں میں آگ لگی تھی،آگ پر مکمل قابو پانے میں ابھی کچھ دیر لگے گی،آگ لگنے کے باعث بازارکا 20فیصدحصہ متاثر ہوا۔

7حصوں پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ 2پر آگ بجھانے کاعمل جاری ہے،آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں ،کپڑے کے اسٹالز پر آگ لگی جس کے وجہ سے آگ جلدی سے پھیلی۔آخری اطلاعات تک آگ پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم کولنگ کا عمل ابھی تک جاری ہے۔