سرگودھا(شکیل خان سے) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تحصیل ساہیوال کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں، صحت، صفائی اور عوامی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال خان شمس الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کا آغاز جنرل بس سٹینڈ کے لیے مجوزہ نئی سائٹ کے معائنہ سے کیا جہاں متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت، ٹریفک مینجمنٹ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جائے۔ بعد ازاں انہوں نے ساہیوال سپورٹس سٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں پر تعمیراتی و بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہی وال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر تیمور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ الٹرا ساؤنڈ مشین نہ ہونے پر فوری مہیا کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر الٹراساؤنڈ مشین مہیا کی جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے طبی سہولیات کے بارے میں فیڈ بیک بھی حاصل کیا اور ہدایت کی کہ علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ساہی وال شہر میں جاری سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر تیمور خان بھی موجود تھے
جبکہ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ساہیوال فیملی پارک کا دورہ کر کے وہاں موجود تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارک میں عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے اور پارک کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے اور شہری علاقوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔
دورہ کے آخری مرحلہ میں ڈپٹی کمشنر نے کنیز فاطمہ ویلفیئر ہپستال فاروقہ کا بھی معائنہ کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر تیمور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ادویات کے سٹاک، طبی آلات، عملہ کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے تمام محکمے بھرپور انداز میں کام کریں اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
