
پاکستان ملٹری اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ کے مایہ ناز، خوش اخلاق اور باوقار آفیسر جناب محمد سرفراز نے بطور اکاونٹس آفیسر گریڈ 18 میں پروموشن کی خوشی میں اپنے دوست احباب اور معزز رفقائے کار کے اعزاز میں آرمی گیریژن میس میں ایک پروقار اور پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب خلوص، محبت اور باہمی احترام کا حسین امتزاج تھی، جس میں شریک معزز مہمانانِ گرامی کی کثیر تعداد نے اپنی پرخلوص موجودگی سے محفل کو نہایت شاندار، باوقار اور یادگار بنا دیا۔اس پرمسرت اور یادگار تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل افتخار علی خان (ر) مرحوم کے فرزندِ ارجمند چودھری اویس علی خان، صحافت کی دنیا کے سرخیل محمد نواز رضا، معروف کالم نگار و تجزیہ نگار سجاد اظہر، اسسٹنٹ ملٹری اکاونٹنٹ جنرل (ر) ملک فرحت عباس، اکاونٹس آفیسرمحمد ارشد، اکاونٹس آفیسرمحمد صابر، اکاونٹس آفیسرعمران عزیز سمیت پاکستان ملٹری اکاونٹس ایسوسی ایشن کے سابق عہدیداران چودھری محمد عامر، راجہ امجد منیر، راجہ آصف ندیم، راجہ محمد خان اور راشد محمود اپنے صاحبزادے ریڈیو اور ٹی وی کے معروف نعت خوان محمد حسنین راجہ کے ہمراہ شریکِ محفل ہوئے۔مزید برآں، دیگر معزز افسران میں مدثر ندیم، ارشد منہاس، محمد امتیاز، عامر چشتی، اکرام زمان، محمد افضل، عامر فاروق اور اکاونٹس آفیسر (ر) پرویز اقبال شامل تھے، جب کہ میزبانِ تقریب جناب محمد سرفراز صاحب کے فرزندِ عزیز احمد فراز خان کی شرکت نے محفل کی رونق اور خوشی کو مزید دوبالا کر دیا۔علاوہ ازیں، جناب محمد سرفراز صاحب کے آبائی گاوں رنوترہ سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، بزرگوں اور معزز احباب کی پرخلوص شرکت نے اس پروقار تقریب کو خاندانی محبت، سماجی وابستگی اور اپنائیت کے دل آویز رنگوں سے مزید معطر کر دیا۔شرکائے محفل نے جناب محمد سرفراز صاحب کو گریڈ 17 سے گریڈ 18 میں بطور اکاونٹس آفیسر ترقی پانے پر نہایت والہانہ انداز میں دلی مبارک باد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ قابلیت، غیر معمولی محنت، دیانت داری، خوش اخلاقی اور ادارے کے لیے انجام دی جانے والی گرانقدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ جناب محمد سرفراز صاحب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپنی اس کامیابی کو اپنے والدِ محترم صوبیدار (ر) حاجی محمد ریاض (مرحوم) اور والدہ محترمہ خالدہ پروین صاحبہ کی خصوصی دعاوں، اعلیٰ تربیت اور بے مثال شفقت کا ثمر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی میں حاصل ہونے والی ہر کامیابی کے پسِ منظر میں والدین کی محبت، قربانیاں اور دعائیں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہیں اور وہ آج جس مقام پر کھڑے ہیں، اس میں ان کے والدین کی بے لوث محبت، خلوص اور مثالی تربیت کا بنیادی کردار شامل ہے۔اس موقع پر انہوں نے اپنے والدِ محترم (مرحوم) اور گزشتہ ہفتے داغِ مفارقت دینے والے پاکستان ملٹری اکاونٹس ایسوسی ایشن کے تاحیات چیئرمین جناب راجہ اشرف حسین مرحوم کی شدید کمی کو محسوس کرتے ہوئے نہایت درد مندانہ انداز میں انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی خوشیوں اور غموں کا حسین امتزاج ہے۔ اگرچہ آج ہم اسی خوشی کے موقع پر یکجا ہیں، مگر دل اس احساس سے بھی بوجھل ہے کہ میرے پیارے ابو جان اور ہمارے نہایت مخلص، شفیق اور قیمتی رفیق و رہنما، جناب راجہ اشرف حسین مرحوم، ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں۔ اس موقع پر جناب محمد سرفراز صاحب نے اپنی والدہ محترمہ کا خصوصی طور پر تمام احباب سے تعارف کرواتے ہوئے انتہائی عقیدت، محبت اور احترام بھرے انداز میں فرمایا کہ اگر والدِ محترم آج حیات ہوتے تو یقیناً وہ بھی اس محفل میں ہمارے درمیان موجود ہوتے اور اپنے بیٹے کی اس شاندار کامیابی اور گریڈ 18 میں ترقی پر ان کا سر فخر سے بلند ہو جاتا۔ اپنے بیٹے کی اس شان دار کامیابی پر ان کی والدہ محترمہ بھی ممتا کی محبت و شفقت سے مغلوب ہو گئیں اور محمد سرفراز صاحب کے ماتھے پر بوسہ دیتے ہوئے اشک بار ہوگئیں۔ ماں اور بیٹے کے اس محبت بھرے اور جذباتی منظر کو دیکھ کر پوری محفل پر ایک رقت آمیز کیفیت طاری ہو گئی۔اس موقع پر راقم نے جناب محمد سرفراز صاحب کو گریڈ 18 میں بطور اکاونٹس آفیسر ترقی پانے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملٹری اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ بلاشبہ ایک عظیم اور باوقار ادارہ ہے، جو اپنے ملازمین کے لیے کسی نعمتِ مترقبہ سے کم نہیں۔ یہ ادارہ اپنی شاندار روایات، نظم و ضبط اور میرٹ پر مبنی نظام کے باعث ایک منفرد مقام رکھتا ہے، جہاں محنت، دیانت اور قابلیت کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔راقم نے مزید کہا کہ اس ادارے کی سب سے خوبصورت روایت یہ ہے کہ یہاں کلاس فور ملازمین بھی اپنی انتھک محنت، لگن، ایمانداری اور ثابت قدمی کے بل بوتے پر ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آفیسر گریڈ تک پہنچ جاتے ہیں۔ یہی وہ روشن پہلو ہے جو اس ادارے کو دیگر اداروں سے ممتاز کرتا ہے اور ہر ملازم کے دل میں امید، حوصلہ اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔راقم نے بالخصوص سرفراز صاحب کی پروموشن کا حوالہ دیا۔ کہ آج جب ہم جناب محمد سرفراز صاحب کے پیشہ ورانہ سفر پر نظر ڈالتے ہیں تو دل بے اختیار انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کو چاہتا ہے۔ انہوں نے اپنے عملی سفر کا آغاز جونیئر آڈیٹر کے منصب سے کیا اور مسلسل محنت، صبر، دیانت داری، خوش اخلاقی اور مستقل مزاجی کے ذریعے آج اکاونٹس آفیسر کے باوقار عہدے تک رسائی حاصل کی۔ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی فتح نہیں بل کہ ان تمام نوجوان ملازمین کے لیے ایک روشن مثال اور حوصلہ افزا پیغام ہے جو خواب دیکھنے کے ساتھ انہیں تعبیر دینے کا حوصلہ، عزم اور جدوجہد بھی رکھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکائے محفل کی اکثریت نے جہاں پرتکلف ضیافت کے اہتمام پر جناب محمد سرفراز صاحب کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا، وہیں نہایت جذباتی انداز میں مرحوم صوبیدار (ر) حاجی محمد ریاض کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔ حاضرین محفل کا کہنا تھا کہ یہ خوشی جہاں محمد سرفراز صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے باعثِ مسرت ہے، وہیں ان کے مرحوم والد کے لیے بھی ایک صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر مرحوم کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین