کلرسیداں: دبئی میں نوجوان محنت کش جاں بحق، نمازِ جنازہ آج شارجہ میں ادا کی جائے گی
راولپنڈی کی تحصیل کلرسیداں کے نواحی علاقے شاہ باغ، ترکھی نگیال سے تعلق رکھنے والے غریب محنت کش ارشد کا جواں سالہ بیٹا راجہ قاسم دبئی میں افسوسناک واقعے میں انتقال کر گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق راجہ قاسم روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم تھا اور ایک زیرِ تعمیر عمارت میں کام کر رہا تھا۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق جس عمارت میں وہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا وہاں مبینہ طور پر ڈرون حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں قاسم اپنے دو ساتھیوں سمیت پانچویں منزل سے نیچے گر گیا۔
شدید چوٹیں لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ادھر مرحوم کی نمازِ جنازہ آج شارجہ کے علاقے سوناپور میں ادا کی جائے گی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں، جبکہ علاقے میں بھی سوگ کی فضا قائم ہے۔
مقامی سماجی و سیاسی شخصیات نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، تاکہ مرحوم کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
مرحوم راجہ قاسم کی میت کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔