ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی اور امریکی اہداف پر میزائل حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ ” یا زہرا” کے تحت کی گئی۔
آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کی یہ 57 ویں لہر ہے، جس میں مختلف قسم کے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ بیان کے مطابق ان حملوں کو ’یا سید الساجدین علیہ السلام‘ کے نام سے منسوب کیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں مقبوضہ علاقوں کے اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کمانڈ اور کنٹرول سینٹرز، میزائل دفاعی نظام اور مواصلاتی تنصیبات شامل ہیں۔ ان کارروائیوں میں خیبر شکن، عماد اور قدر میزائل استعمال کیے گئے۔
بیان کے مطابق ایران نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا، جہاں امریکی افواج موجود ہیں۔ اس حملے میں ذوالفقار اور قیام درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
تاحال ان حملوں کے نقصانات یا جانی نقصان سے متعلق آزاد ذرائع سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ متعلقہ ممالک کی جانب سے بھی فوری ردِعمل جاری نہیں کیا گیا۔