اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ) صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع اٹک اور تحصیل حضرو میں نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے اہم منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی و ممبر جوڈیشل کونسل شیخ آفتاب احمد،ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا،، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نوشین اسرار، ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر،اسسٹنٹ کمشنر عارف قریشی،چیف آفیسرسردارآفتاب احمدخان،ملک انصار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تحصیل اٹک اور تحصیل حضرو میں سیوریج نظام کی بہتری، صفائی اور نئی لائنوں کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت دونوں تحصیلوں میں تقریباً 125 کلو میٹر طویل سیوریج لائن بچھائی جائے گی جبکہ موجودہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور بحالی کا کام بھی کیا جائے گا تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول اور بہتر نکاسی آب کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی مسائل کے حل اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ کونسل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریئس خانہ مارکیٹ اور پنجاب کے پہلے خواتین بازار کا بھی دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کا معائنہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت ضلع اٹک میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبے عوام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.