شاہ باغ : احساس ويلفئير فاؤنڈيشن کے زير اہتمام ويمن يوتھ سپرنگ گالا

شاہ باغ(پنڈی پوسٹ) شاہ باغ میں احساس ویلفئیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام زیور انکوبیشن کمپلیکس میں ویمن یوتھ سپرنگ گالا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مقامی سطح پر دیہی خواتین کے کاروبار کی تشہیر اور ان کے ہنر کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹالز لگا کر خریدوفروخت کا موقع مہیا کیا گیا۔میلے میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے رنگا رنگ پروگرام اور مقابلے شامل تھے۔ شرکت کرنے والی خواتین کو انعام اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

پروگرام صبح نو سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ پروگرام میں خواتین کی بہبود اور ترقی کے لئے اس طرح کی سرگرمیوں کو اہل علاقہ کے معززین نے مثبت قرار دیا۔ احساس ویلفئیر فاؤنڈیشن کے صدر چوہدری محمد الیاس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ زیور پروگرام خواتین کو گھر بیٹھے آن لائن یا عملی طور پر معاشی سرگرمیوں کے ذریعے کمانے میں پوری مدد فراہم کرے گا۔ لہٰذا ایسی باہمت خواتین کو زیور پروگرام کا حصہ بننے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ پروگرام میں ممبر قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور نے بھی دورہ کیا اور فاؤنڈیشن کی کاوش کو سراہا۔ موبی لنک مائیکرو فنانس بینک، خوشحالی بنک،سکن کئیر کے سپیشلسٹ، بیوٹیشنز ، فروزن فوڈ، گارمنٹس، ہینڈ میڈ ، کاسمیٹکس، حج عمرہ سروس اور فرنیچر کے سٹال نمایاں تھے ۔