وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سمیت صوبے بھر کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہری انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، سیوریج، صاف پانی، پارکس اور عوامی سہولیات سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی، جس کے ذریعے تمام منصوبوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے گی۔مریم نواز نے واضح کیا کہ وہ خود ترقیاتی منصوبوں کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کریں گی تاکہ کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہ کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں مین ہولز سڑکوں کے کناروں پر منتقل کیے جائیں گے تاکہ سڑکیں محفوظ ہوں اور عوام کا ہر سفر آسان بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں 100 سال کی ضمانت کے حامل جدید سیوریج پائپ نصب کرنے کی منظوری بھی دی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 30 اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے 7 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اپریل تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے مزید 11 اضلاع میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد صوبے میں پی ایچ اے کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی زمین اپنا گھر منصوبے کے الاٹیز کو فوری الاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے اور اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت دوسری قسط جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت اب تک 155 ارب روپے کے ایک لاکھ 21 ہزار قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے پورے صوبے میں پی ایچ اے کے قیام کیلئے قابلِ عمل جامع پلان طلب کیا اور واٹر بوٹلنگ و فلٹریشن پلانٹس 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا۔ مریم نواز نے لاہور کینال کی بھل صفائی جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور میں عوام کو گھر کی دہلیز پر صاف پانی کی بوتل فراہم کی جائے گی، جس سے پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔