کلرسیداں (پنڈی پوسٹ نیوز)
یوسی گف چنام سے تعلق رکھنے والا جماعت نہم کا طالبعلم عبدالرافع گیدڑ کے کاٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب طالبعلم قریبی جنگل میں موجود تھا کہ اچانک ایک باولے گیدڑ نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔مقامی ذرائع کے مطابق نوتھیہ شریف دربار پر باولے کتوں کے کاٹے ہوئے جانور مقامی افراد کے حوالے کر دیے جاتے ہیں، جنہیں ذبح کرنے کے بعد ان کی کھالیں اور آلائشیں کھلے عام پھینک دی جاتی ہیں۔ یہی آلائشیں آوارہ کتوں اور جنگلی جانوروں کی خوراک بن رہی ہیں، جس کے باعث وہ بھی باولے پن کا شکار ہو کر انسانی آبادیوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے چوکپنڈوڑی اور گردونواح میں آوارہ کتوں اور باولے گیدڑوں کے حملوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔