مخالفین کی باراتیوں پر فائرنگ،دولہے کے بھائی سمیت دو افراد جاں بحق

دیرینہ دشمنی کی بنا پر مخالفین کی شادی ہال کے باہر باراتیوں پر فائرنگ، دولہا کے بھائی سمیت دو افراد جاں بحق، تین زخمی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں پھپھرا کے رہائشی سلطان کے بیٹے کی شادی کی تقریب ملکوال میں واقع میرج ہال میں جاری تھی کہ دولہا کا بھائی 28 سالہ محمد طارق دیگر افراد کے ہمراہ میرج ہال کے باہر کھڑا تھا کہ اچانک انکے مخالفین وہاں آ گئے اور فائرنگ کر دی جس سے دولہا کا بھائی محمد طارق، باراتی 50 سالہ محمد انار ساکن چھموں، 27 سالہ محمد عمران، شاہد تارڑ ساکن مانگٹ اور خضر حیات ساکن پھپھرا شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ ملکوال انسپکٹر عمیر جاوید چٹھہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ تاہم دو افراد محمد طارق اور محمد انار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑگئے۔ ملزمان فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جبکہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔