ایبٹ آباد ،جھنگی سیّداں: رضا خان قتل کیس میں گرینڈ جرگہ کے ذریعے راضی نامہ

ایبٹ آباد (حسین معاویہ) جھنگی سیّداں میں پیش آنے والے معروف رضا خان قتل کیس میں بالآخر ایک گرینڈ جرگہ کے فیصلے کے نتیجے میں فریقین کے درمیان راضی نامہ طے پا گیا۔
تیرہ ستمبر 2022ء کی شام جھنگی سیّداں میں عجب خان کے جواں سالہ بیٹے رضا خان کو قتل جبکہ دیگر افراد کو شدید زخمی کیا گیا تھا۔ مقتول کے بھتیجے ابوبکر ولد سجاد خان کی دعویداری پر تھانہ میرپور میں فیضان، نعمان اور ارسلان پسران عبدالحمید کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔ پولیس نے فیضان کو گرفتار کر لیا جبکہ نعمان اور ارسلان فرار رہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ایبٹ آباد نے جرم ثابت ہونے پر فیضان کو عمر قید کی سزا سنائی، کیس کی پیروی عاطف علی جدون ایڈوکیٹ نے کی۔
معاملے کی سنگینی اور خاندانوں کے باہمی تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایبٹ آباد کے علاقہ رش کے معززین پر مشتمل ایک گرینڈ جرگہ جھنگی سیّداں پہنچا۔ جرگہ میں ایم پی اے نذیر عباسی، امن جرگہ کے چئیرمن حاجی غلام مصطفیٰ جدون ، رہنما اہلسنت حاجی نواز خان جدون ، سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی ایاز خان جدون ،سابق ناظم دہمتوڑ اورنگزیب خان جدون، سابق ایم پی اے خورشید اعظم خان، عارف خان، ڈسٹرکٹ خطیب سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
جرگہ کے دوران سابق ناظم دہمتوڑ اورنگزیب خان جدون نے ملزمان کیلئے فی سبیل اللہ معافی کی درخواست رکھی، جسے مقتول فریق نے وسیع تر بھلائی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے قبول کرتے ہوئے ملزمان کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
معافی کا اعلان کرنے والوں میں سعید خان، جاوید خان، شاہد خان، نوید خان اور سجاد خان شامل تھے۔ یاد رہے کہ مقتول رضا خان، دریافت خان کا بھانجا جبکہ نقیب اللہ خان اور بلال خان کا پھوپھی زاد بھائی تھا۔
گرینڈ جرگہ کے اس فیصلے نے علاقہ میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مثبت فضا قائم کر دی ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.