ایس ایچ او تھانہ کھنہ کی بحالی کا عوامی مطالبہ

اسلام آباد (حماد چوہدری)تھانہ کھنہ کے ایس ایچ او عامر حیات کی معطلی پر اہلِ علاقہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محنتی اور فرض شناس پولیس افسر کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او عامر حیات نے تعیناتی کے بعد تھانہ کھنہ کے علاقے میں منشیات فروشوں، چوری و ڈکیتی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری پیدا کی۔ ان کی قیادت میں پولیس نے ریکارڈ گرفتاریوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کیا اور عوام کا اعتماد حاصل کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے محنتی، ایماندار اور بہادر افسر کو معطل کرنا ناانصافی کے مترادف ہے، جبکہ ان کے کام کو پولیس فورس کے دیگر افسران کے لیے مثال بننا چاہیے۔ذرائع کے مطابق ایس ایچ او عامر حیات کی معطلی آئی جی اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کے اچانک دورے کے بعد عمل میں آئی تھی۔ تاہم، عوامی حلقے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کے خواہاں ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ شفاف تفتیش کے بعد حقائق کی روشنی میں ایس ایچ او کو بحال کیا جائے، تاکہ علاقے میں امن و امان کا تسلسل برقرار رہ سکے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.