کھلاڑیوں کی تذلیل نہیں ،نظام کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہو نا چاہیے ،شعیب ملک

(پنڈی پوسٹ نیوز)سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے والے کھلاڑیوں پر ہونے والی تنقید پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز کے ساتھ احترام کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ اسکواڈ سے باہر کیے گئے کھلاڑی اب بھی قومی کرکٹرز ہیں، جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کی خدمت کی ہے، اس لیے انہیں ’’پہلی فلائٹ سے واپس بھیجنے‘‘ جیسے الفاظ کہنا نامناسب اور بے عزتی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب ان لوگوں سے شروع ہونا چاہیے جنہوں نے نظام کو نقصان پہنچایا، خصوصاً ان کھلاڑیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے جو بینچ پر رہے یا صرف دو، تین ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل دورے کے دوران نہیں بلکہ ٹور مکمل ہونے کے بعد ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہر خراب میچ کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کھلاڑیوں پر ذہنی دباؤ بڑھا سکتی ہے اور ان کے اندر ناکامی کا خوف پیدا کر سکتی ہے۔