کلر سیداں ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار، ڈیڑھ کلو سے زائد چرس برآمد۔ تھانہ کلر سیداں پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک کلو 600 گرام چرس برآمد کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ثاقب منظور پیدل سفر کر رہا تھا کہ اس دوران پولیس پارٹی کو دیکھ کر گھبرا گیا اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اہلکاروں نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر قابو کر لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بڑی مقدار میں چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ملزم منشیات کی ترسیل اور سپلائی کے کسی منظم نیٹ ورک سے وابستہ تو نہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔