کلر سیداں میں پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے، ناپ تول میں کمی برداشت نہیں: اسسٹنٹ کمشنر

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں سیدہ زینب حسین نے عوامی شکایات اور حکومتی احکامات کی روشنی میں تحصیل بھر کے مختلف پٹرول پمپس کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا، دورے کا  مقصد شہریوں کو درست مقدار میں فیول کی فراہمی کو  یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر متعلقہ محکمہ کے عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے والے فیول ڈسپنسرز کی پیمائش کو باقاعدہ چیک کرنے کے لیے خصوصی پیمائشی آلات (میژرنگ کین) کا استعمال کیا۔ انہوں نے ہر مشین سے فیول نکال کر اس کی مقدار کو مقررہ معیار کے مطابق جانچا تاکہ کسی قسم کی کمی بیشی یا دھوکہ دہی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

بعض پٹرول پمپس پر معمولی فرق سامنے آنے پر موقع پر ہی عملے کو سخت تنبیہ کی گئی اور فوری درستگی کی ہدایات جاری کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ناپ تول میں کمی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے اور ایسے اچانک معائنے تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فیول ڈسپنسرز کو باقاعدگی سے کیلیبریٹ کروائیں اور معیار پر پورا اترنے کو یقینی بنائیں۔

بصورت دیگر بھاری جرمانے اور سیل کرنے جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس دوران صفائی، قیمتوں کی نمایاں فہرست اور سیفٹی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔