نجکاری کیخلاف احتجاج،آئیسکو کے ہزاروں ملازمین سڑکوں پر امڈ آئے


راولپنڈی ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) ملک کے سب سے بڑے صنعتی ادارے واپڈا کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی اپیل پر بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کیلئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ہزاروں ملازمین ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ کی قیادت میں سڑکوں پر امڈ آئے اور راولپنڈی میں نیشنل پریس کلب لیاقت باغ سے آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن تک ایک بہت بڑی پرامن ریلی نکالی اور مری روڈ پر زبردست مظاہرہ کیا دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اس احتجاج میں اٹک، جہلم، چکوال، اسلام آباد اور راولپنڈی سٹی و کینٹ سرکل سمیت جی ایس او، جی ایس سی، ایم اینڈ ٹی، پی ڈی کنسٹرکشن، ریونیو، سٹور اور دیگر ڈائریکوریٹس سے ہزاروں آئیسکو ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران مری روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جسے مقامی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور یونین قائدین کے باہمی تعاون سے سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی جاتی رہی۔ شرکاء بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری، سٹاف کی کمی کی وجہ سے دوران کار بڑھتے حادثات، کمپنیوں میں نئی بھرتی شروع نہ کرنے، کنٹریکٹ اور کنٹی جینٹ ملازمین کی عدم مستقلی، میٹر ریڈنگ اور لائن سٹاف کی دوردراز ٹرانسفرز اور ملازمین کو درپیش دیگر مسائل و مشکلات سمیت مہنگائی و بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کیخلاف نعرے بازی اور سینہ کوبی کر رہے تھے مظاہرین نے ہاتھوں میں سرخ و سیاہ جھنڈے اور کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف اور ملازمین کے مطالبات کے حق میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔ ریلی کے اختتام پر آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن کے سامنے پرامن مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں کی ایما پر آئیسکو جیسی بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی جاری کارروائیوں کا سنجیدگی اور دانشمندی سے جائزہ لیں اور اس غیر دانشمندانہ عمل کا باب ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کریں کیونکہ بجلی جیسے حساس ادارے کی نجکاری نہ ملک کے مفاد میں ہے نہ عوام کے۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو پاکستان کی نمبر ون کمپنی ہے اس کے لائن لاسز سب سے کم ہیں اور یہ حکومت سے ایک پیسے کی بھی سبسڈی نہیں لیتی سٹاف کی کمی اور کام کے دباؤ کے باوجود اس کے محنتی اور جفاکش کارکن دن رات مشکل ترین مقامات پر اپنی جانوں پر کھیل کر صارفین کی بہترین خدمت کر رہے ہیں۔ریلی سے یونین کے ریجنل ڈپٹی چیئرمین طارق مسعود نیازی، زونل چیئرمین کینٹ قمر فاروق کلیامی، عامر سہیل، زونل چیئرمین سٹی سردار زاہد زمرد، ملک حسنین شہید، زونل چیئرمین جی ایس او سرکل سردار وقار احمد خان، چوہدری محمد قاسم، زونل سیکرٹری اسلام آباد قاسم رضا جعفری، گل نواز بنگش، اکبر علی خان، زونل چیئرمین اٹک نعیم محمود، محمد صدیق، زونل چیئرمین جہلم خرم نسیم بٹ، ملک خالد محمود، محمد عبدالجبار، زونل چیئرمین چکوال محمود منہاس، ابراہیم بھٹی، ملک خالد، ضیاء حسین شاہ، میٹر ریڈنگ تحریک کے چیئرمین راجہ عمر حیات، صدر طاہر محمود، ڈویژنل چیئرمین راجہ کامران سلیم، ریجنل سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈویژنل چیئرمین عمران خان، امین خٹک، لالہ سکندر خان، ظفر اقبال وڑائچ، راجہ شکیل حیدر، افضال احمد ستی، راجہ اظہر جاوید، عزادار شاہ، عاصم رضا جعفری، شیخ انجم سعید، سید راحت عباس، ملک سجاد اعوان، قاضی محمد شفیق، فیضان فضل صدیقی، محمد طاہر، عنصر جمیل، حماد نواز اور دیگر عہدیداران نے کارکنوں کے قافلوں کے ساتھ ریلی میں شرکت کی۔ یونین راہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ آئیسکو میں ہزاروں خالی اسامیاں پُر کرنے کیلئے فوری نئی بھرتی کی جائے، کنٹریکٹ، کنٹی جینٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ملازمین کے بچوں کو کوٹہ کے مطابق ترجیحی بنیاد پر ملازمت فراہم کی جائے، میٹر ریڈنگ اور لائن سٹاف کو دربدر کرنے کی بجائے انہیں اسی سرکل میں مناسب کیڈرز میں ایڈجسٹ کیا جائے اور ریڈنگ، ریکوری اور بجلی چوری کے انسداد پر متعین سٹاف کو تحفظ اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔ آمدہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشنوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور پٹرول کی قیمتیں پرانی سطح پر واپس لائی جائیں۔ واپڈا قائدین نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ نجکاری کے خلاف ان کی یہ تحریک جاری رہے گی اور حکومت اگر اپنے عوام دشمن اور مزدور دشمن اقدام سے باز نہ آئی تو حکومتی ایوانوں کی بجلی بند کر دی جائے گی۔