مندرہ، تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے شہری شدید زخمی،

مندرہ کی ٹی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والا پیدل شہری زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق مندرہ سٹی کے رہائشی 42 سالہ مہربان شاہ ولد عزیز خان مندرہ تھانہ کے قریب سڑک عبور کر رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار نامعلوم موٹر سائیکل نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل کی ٹکر لگتے ہی مہربان شاہ سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمی شہری کے سر پر گہری چوٹ آئی ہے اور کنپٹی کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث ناک اور کان سے خون بہہ رہا ہے۔ زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے پیشِ نظر اسے ابتدائی طبی امداد کے دوران 10 منٹ تک آکسیجن فراہم کی گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر مندرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔مقامی پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی تلاش شروع کر دی ہے’