کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں کے نواحی علاقہ چوکپنڈوڑی میں باؤلے کتے کے کاٹنے سے 7 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چوکپنڈوڑی بازار کے پنڈی روڈ پر ایک باؤلے کتے نے اچانک راہگیروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں چار خواتین اور تین مرد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں راجہ واجد ولد ناظم، محبوب ولد اکبر حسین، حنا دختر پرویز، سکینہ زوجہ عبدالحسین، بیگم زیتون زوجہ قدیر، فقراض زوجہ غلام مرتضیٰ اور صدیق خان ولد کریم خان شامل ہیں۔اہل علاقہ نے فوری طور پر متاثرین کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلرسیداں منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی ویکسین فراہم کی گئی، بعد ازاں ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے این آئی ایچ اسلام آباد ریفر کر دیا۔
واقعہ کے بعد مشتعل شہریوں نے باؤلے کتے کا پیچھا کر کے اسے ہلاک کر دیا۔کلرسیداں کے صفائی عملے کو اطلاع دی گئی تاہم مبینہ طور پر عملے کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر سابق صدر پریس کلب چوکپنڈوڑی راجہ راشد سلطان نے اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کیا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں اور مردہ کتے کو موقع سے اٹھا لیا گیا۔مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ اور باؤلے کتوں کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ایسے خطرناک واقعات سے محفوظ رکھا جا سکے۔