دبئی پولیس کا کمال!چوری کی 1لاکھ 90 ہزار درہم کی پوری رقم صرف چار منٹ میں برآمد

(پنڈی پوسٹ نیوز)دبئی پولیس کی نائف پولیس اسٹیشن کی الیکٹرک اسکوٹر گشت ٹیم نے چوری کے الزام میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1 لاکھ 90 ہزار درہم کی پوری رقم صرف چار منٹ میں برآمد کرلی۔رپورٹ کے مطابق جنرل ڈپارٹمنٹ آف آپریشنز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نائف پولیس اسٹیشن کی حدود میں چوری کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی مشتبہ افراد کے حلیے اور دیگر تفصیلات علاقے میں موجود گشتی ٹیموں کو فراہم کردی گئیں۔

الیکٹرک اسکوٹر پر تعینات پولیس اہلکار صرف دو منٹ میں جائے وقوعہ کے قریب پہنچ گئے اور علاقے میں فوری کارروائی شروع کردی۔ مزید دو منٹ کے اندر تینوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ چوری کی گئی 1 لاکھ 90 ہزار درہم کی رقم بھی ان کے قبضے سے برآمد ہوگئی۔

نائف پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عمر موسیٰ عاشور نے کہا کہ فوری گرفتاری اور چوری شدہ رقم کی مکمل برآمدگی دبئی پولیس کی فیلڈ ٹیموں کی تیاری اور مؤثر رسپانس سسٹم کا ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ نائف پولیس اسٹیشن گشتی ٹیموں کی کارکردگی اور تعیناتی کی مسلسل نگرانی کرتا ہے تاکہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جاسکے اور مصروف علاقوں و گنجان مارکیٹوں میں مؤثر سکیورٹی موجودگی برقرار رہے۔