تیسری سالانہ عظیم الشان عید میلاد النبیﷺ ریلی کا شاندار انعقاد

راولپنڈی (سردار آفتاب اقبال ) راولپنڈی تیسری سالانہ عظیم الشان عید میلاد النبیﷺ ریلی نہایت جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ ریلی مفتی طاہر الباروی، قیصر شہزاد سلطانی، ملک اجمل اعوان، ابرار خان اور ملک نزاکت حسین کی قیادت میں نکالی گئی، جس میں کثیر تعداد میں علماء کرام، مشائخ عظام اور عاشقانِ رسولﷺ نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز جامعہ رضویہ مظہرالاسلام و جامعہ خدیجۃ اللبنات، میر حیدر کالونی سے ہوا اور یہ عقیدت و احترام کے ساتھ برف خانہ چوک راولپنڈی تک پہنچی۔ اس موقع پر نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالتﷺ میں خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ مقررین نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو آپﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
منتظمین نے بتایا کہ یہ ریلی ہر سال روایتی جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی جاتی ہے تاکہ عشقِ رسولﷺ کے پیغام کو عام کیا جا سکے اور معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیا جائے۔ ریلی کے شرکاء نے سبز پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضا نعرہ ہائے رسالتﷺ سے گونجتی رہی۔
پرامن انتظامات کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے، جن کی بدولت ریلی خوش اسلوبی سے اپنے اختتام کو پہنچی۔ منتظمین نے شرکاء، انتظامیہ اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور اگلے سال بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا۔