تحریر : حافظ نصرت علی خان03335973150
یہ دن وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء، غازیوں اور بہادر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع، قومی وقار کی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم اپنے ان عظیم سپاہیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں جرات، بہادری اور ایمانی قوت کا مظاہرہ کیا۔
بنیانُ المرصوص ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور مضبوط قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، جبکہ معرکۂ حق حق و سچ کی سربلندی، وطن سے محبت اور قومی غیرت کی علامت ہے۔
یومِ تشکر اور آپریشن “بنیان المرصوص” کے سلسلے میں ضلع کونسل ہال اٹک میں ایک پروقار اور عظیم الشان مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وطن عزیز سے محبت، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر قومی پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ پڑھا گیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اس موقع پر شرکاء نے افواجِ پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
تقریب میں رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن شیخ آفتاب احمد، راؤ عاطف رضا، سردار موارہن خان، سابق صوبائی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، انیل سعید، عارف قریشی، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اظہر، ڈی ای او ایلیمنٹری سید محمد تقی عباس، سارک ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر حنا منصب خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق، مسلم لیگ (ن) کی خاتون رہنما خالدہ رعنا، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن حکومت پنجاب شہزاد نیاز کھوکھر ، چیئر مین اٹک پریس کلب (رجسٹرڈ) ندیم رضا خان ، سینئر صحافی الیکٹرونک میڈیا سید فاروق حسن بخاری ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو اور خصوصی خاکے پیش کیے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ بچوں نے وطن سے محبت، شہداء کی عظیم قربانیوں اور افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے نوجوان نسل کے جذبۂ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” قومی اتحاد، استحکام اور دفاعِ وطن کے عزم کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن بھارت کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے تھے اور آج بھی پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ڈی سی اٹک راؤ عاطف رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر کسی نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پوری قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہو کر ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان نے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار موارہن خان نے کہا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے مگر قوم کے اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث دشمن کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سابق صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔
ٹکٹ ہولڈر مسلم لیگ (ن )ملک حمید اکبر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ واضح پیغام دینا ضروری ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
تقریب کے اختتام پر ضلع کونسل ہال اٹک سے ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی جس میں شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے لگائے جبکہ شہریوں نے مختلف مقامات پر ریلی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے گزری اور قومی یکجہتی و حب الوطنی کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
مزید برآں ضلع اٹک کی دیگر تحصیلوں میں بھی آپریشن “بنیان المرصوص” کے حوالے سے تقریبات، سیمینارز، واکس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جہاں مقررین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور ملکی دفاع کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور خصوصی پروگرام پیش کیے جبکہ سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ متحد اور یکجا کھڑی رہے گی۔
آج کے اس یومِ تشکر پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لاتے ہیں کہ اُس نے ہمیں ایک آزاد وطن، بہادر افواج اور عظیم قوم عطا فرمائی۔
ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اپنے غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے ، افواجِ پاکستان کو ہر میدان میں سرخرو فرمائے ، وطنِ عزیز کو امن، اتحاد اور استحکام کا گہوارہ بنائے۔ آمین
پاکستان زندہ باد
افواجِ پاکستان پائندہ باد
قوم کا اتحاد — وطن کی طاقت