کلر سیداں (یاسر ملک)
اوورلوڈنگ کے باعث کلرسیداں کی سڑکیں اور جانیں دونوں غیر محفوظ،کلرسیداں میں اوورلوڈنگ کا مسئلہ سنگین، انتظامیہ خاموش تماشائی۔کلرسیداں اور گردونواح میں اوورلوڈنگ معمول بن گئی، عوام شدید پریشان۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں اور گردونواح کے علاقوں میں اوورلوڈنگ ایک سنگین مسئلے کی شکل اختیار کر چکی ہے، مگر انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیاں گنجائش سے کہیں زیادہ سواریاں اور سامان لاد کر سڑکوں پر دندنا رہی ہیں، جس سے نہ صرف سڑکیں تباہ ہو رہی ہیں بلکہ انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔کلرسیداں شہر اور دیہی علاقوں میں چلنے والی ہائی ایس، ویگن اور چھوٹی بسیں روزانہ کی بنیاد پر مسافروں کوگنجائش سے دگنا بٹھا رہی ہیں۔ کئی گاڑیوں کی چھتیں بھی بھر لی جاتی ہیں، جہاں نہ کوئی حفاظتی بندوبست ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کو فکر۔ شدید گرمی، تنگ جگہ اور بھری گاڑیوں میں سفر کرنا عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک اورتحصیل انتظامیہ اس سنگین صورتحال سے بے خبر نظر آتے ہیں، یا جان بوجھ کر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ نہ چیکنگ ہو رہی ہے اور نہ ہی خلاف ورزی پر کوئی کارروائی۔ بعض جگہوں پر تو یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ ٹریفک اہلکار موقع پر موجود ہوتے ہوئے بھی خاموشی اختیار کیے رکھتے ہیں، جس سے شہریوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ غفلت کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ شہریوں نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔