راولپنڈی (نامہ نگار)
عالمی یومِ صحافت کے موقع پر آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی کے زیر اہتمام ہفت روزہ پنڈی پوسٹ کے ہیڈ آفس میں “فریڈم ڈے” تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ہفت روزہ پنڈی پوسٹ کی باقاعدہ اشاعت کے 14 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کی تقریب بھی منائی گئی، جسے عالمی یومِ صحافت کے نام سے منسوب کرتے ہوئے خصوصی اہمیت دی گئی۔
تقریب کا آغاز شہید صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کر کے کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی کے بانی صدر و چیئرمین جناب جی ایم جٹ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پنڈی پوسٹ جیسے معتبر ادارے کے تحت ہم چودہ سال سے مسلسل صحافت کے میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن روایتی انداز میں نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کے طور پر منایا جا رہا ہے تاکہ شہید صحافیوں کے مشن کو جاری رکھا جا سکے اور پاکستان میں صحافت کو درپیش چیلنجز کا جواں مردی سے مقابلہ کیا جائے۔
جی ایم جٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریجنل سطح پر صحافیوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، کرپشن کے خاتمے، اور حقیقی صحافت کے فروغ کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں صحافیوں پر اسرائیل و بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے صحافی افواجِ پاکستان کی پشت پر کھڑے ہیں اور ہر محاذ پر وطن کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنڈی پوسٹ کے چیف ایڈیٹر عبدالخطیب چوہدری، نجف شیرازی، رضا اللہ خان، فدا شیرازی، سرفراز میر اور طارق بٹ نے کہا کہ صحافی مشکل حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ مقررین نے پیکا قانون، اظہارِ رائے کی آزادی پر قدغن اور صحافیوں کی آواز کو دبانے کی کوششوں کی سختی سے مخالفت کی۔
ریجنل اخبارات کو سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ جی ایم جٹ نے کہا کہ مخصوص کوٹہ کے مطابق اشتہارات نہ ملنے کی وجہ سے علاقائی صحافت معاشی دباؤ کا شکار ہے، جو کہ ایک ناقابلِ قبول عمل ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی دباؤ میں آئے بغیر ہر فورم پر صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ سچائی، قلم کی حرمت اور عوام کے حقِ معلومات کے لیے صحافتی جدوجہد بلاخوف و خطر جاری رکھی جائے گی۔