85

گوجرخان یونیورسٹی کیمپس تعلیمی سرگرمیاں جلد شروع کی جائیں،اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی کی گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لے آئیں۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے متعلقہ محکموں کو گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب جلد تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کا فوری آغاز ضروری ہے۔ گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں دیگر شہروں میں جانا پڑتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں طلباء کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں۔ عوام کو تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ طلباء کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہوں۔ یونیورسٹی کے قیام سے خطے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔ اسپیکر نے کہا کہ گوجر خان میں 100 ایکڑ زمین یونیورسٹی کے قیام کے لیے مختص کرائی ہے۔ جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے لیے مختص جگہ اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے موزوں ہے۔ یہ جگہ جہلم، گوجر خان، میر پور، ڈوویال، چکوال اور دیگر ملحقہ علاقوں کے سنگم پر واقع ہے۔ گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام سے کشمیر، جہلم، چکوال، کلر سیداں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی مستفید ہوں گے۔گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں کوئی جنرل یونیورسٹی موجود نہیں یہ اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔ متعلقہ حکام نے گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں ہونی والی پیش رفت سے اسپیکر کو آگاہ کیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں