گوجرخان: وطن کے سپاہی عنصر شہید کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا


شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی گوجرخان ایک اور عظیم سپوت سے محروم ہو گئی۔ پاک فوج کی 32 ایف ایف رجمنٹ کے بہادر جوان عنصر شہید کی نمازِ جنازہ گوجرخان کے نواحی علاقے دولتالہ کے گاؤں کاک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسران سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افواجِ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کیپٹن حشام، کیپٹن سمیع اللہ اور بریگیڈیئر سید توقیر حسین سمیت پاک فوج کے متعدد افسران اور جوان شریک ہوئے۔

شہید کی نماز جنازہ میں علاقے کے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا “پاک فوج زندہ باد”، “وطن کے شہیدوں کو سلام” اور “عنصر شہید امر رہے” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

نماز جنازہ کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے، وہ وطن کی مٹی پر قربان ہو کر امر ہو گیا۔

شہید عنصر نے اپنی جان مادرِ وطن پر نچھاور کر کے یہ ثابت کر دیا کہ افواجِ پاکستان کے جوان دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔


اپنا تبصرہ بھیجیں