اسلام آباد (نمائندہ پِنڈی پوسٹ) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ریلوے روڈ گوجرخان پر واقع ایک دکان پر کی گئی، جہاں بغیر لائسنس کرنسی کا غیر قانونی لین دین کیا جا رہا تھا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت امتیاز علی اور مہر دستگیر کے نام سے ہوئی ہے۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 33 لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپے، 4645 برطانوی پاؤنڈ، 1000 اماراتی درہم اور قابلِ ذکر تعداد میں سعودی ریال برآمد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان غیر قانونی طور پر کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھے اور برآمد ہونے والی رقم کے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک کی معیشت کو نقصان سے بچایا جا سکے۔