گوجرخان (نوید ملک‘نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے و سرکاری ہسپتالوں میں فری علاج کے دعوے مگر عملی صورتحال یکسر مختلف تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان میں مریضوں کے بلڈٹیسٹ سے مختلف رپورٹس مرتب کرنے والی لیب مشین 17دنوں سے خراب مریض اپنے لیب ٹیسٹ مہنگے داموں نجی لیبارٹریوں سے کروانے پر مجبور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں لیبارٹری مافیا کا راج ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھی اس مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں
ہسپتال کی لیبارٹری میں کسی نہ کسی مشین کا خراب رہنا معمول بن چکا جس سبب سرکاری ہسپتال کے اطراف میں قائم نجی لیبارٹریوں کا کاروبار خوب چمک رہا ہے سرکاری ہسپتال کی لیب میں اہم ٹیسٹ مشین کی خرابی کو ہسپتال انتظامیہ نے سی ای او ہیلتھ ڈسٹرکٹ راولپنڈی و اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان سے بھی مخفی رکھا ہوا ہے دونوں احباب نے پنڈی پوسٹ سے گفتگو میں کہا کہ وہ ہسپتال کی لیبارٹری میں کیمسٹری انلائزر مشین کی خرابی سے آگاہ نہیں ہیں
ہمارے نمائندے کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان میں لیب مشین کی خرابی و اس سے درپیش مریضوں کی مشکلات پر پنڈی پوسٹ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان و ایم ایس سے فوری رابطہ کیا جس پر اعلیٰ حکام نے اس عمل سے لاعلمی جبکہ ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر سرمد کیانی نے بتایا کہ لاہور میں متعلقہ کو آفس کو آگاہ کر دیا ہے مشین کا لیمپ خراب ہے جسے جلد نیا لیمپ ڈال کر ورکنگ کردیا جائے گا
پنجاب حکومت نے تمام اضلاع و تحصیلوں میں قائم سرکاری ہسپتالوں کے طبعی آلات کی دیکھ بھال و درستگی کے لئے الگ سے بائیو میڈیکل ایکوئیمنٹ ریپر اینڈ مینٹینیش رپورٹ کے نام سے الگ سے شعبہ بنا رکھا ہے
شعبہ کے چیف انجینئر عادل نے پنڈی پوسٹ سے گفتگو میں کہا کہ تحصیل ہسپتال گوجر خان کی لیب میں کیمسٹری انلائزر مشین کی خرابی پر ہمارا انجینئر وزٹ کر کے ہسپتال انتظامیہ کو درکار پرزے کی فراہمی کو یقینی بنا کر آگاہ کرنے کا بتا چکا ہے
مشین کا خراب پرزہ کی فراہمی ہسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی ہے ہمارا عملہ اسے جاکر فٹ کردیتا ہے ذرائع کے مطابق لیمپ کی دستیابی کے بعد لاہور سے آئی ٹیم کو ہسپتال انتظامیہ نے جمعہ نماز ادائیگی کا بتا کر مناسب وقت نہیں دیا جس سبب لیب مشین تاحال خراب و مریض رل رہے ہیں کیمسٹری انلائزر کو ہسپتال انتظامیہ نے راولپنڈی انجینئر کو درستگی کے لئے ارسال کردیا ہے
پنڈی پوسٹ ذرائع و سروے کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان کی لیبارٹری میں ٹیسٹ مشین کی خرابی کے سبب ہسپتال میں روزانہ آنے والے آوٹ ڈور مریضوں و ہسپتال میں داخل زیر علاج مریضوں کے روزانہ لاکھوں روپے کے لیب ٹیسٹ ہسپتال کے اطراف میں قائم نجی لیبارٹریز سے کروانے پر مجبور ہیں لیب انتظامیہ مریضوں کو لیب مشین کی خرابی کے بجائے انھیں صحت کارڈ کی بندش کا بتا کر نجی لیبارٹریز کی طرف ارسال کر دیتی ہے کہ آپ کے یہ ٹیسٹ پہلے صحت کارڈ کے سبب فری ہوتے تھے پنجاب حکومت نے یہ کارڈ بند کردیا ہے
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان میں لیبارٹریز مافیا کے راج و ملی بھگت کے خاتمے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں حلقے میں موجود وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہاتھ کان و آنکھ کی ماند انکے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سیاسی مفادات و ووٹ کی پرچی کے حصول کے سبب سرکاری ہسپتالوں میں جاری ملی بھگت و مریضوں کو درپیش مشکلات پر نہ صرف خاموش رہتے ہیں بلکہ ان معاملات کو لاہور اعلی احکام کے نوٹس میں لانے سے کتراتے ہیں
وزیر اعلیٰ پنجاب تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال گوجر خان میں نجی لیبارٹریز کے مالکان کی ملی بھگت و راج کو بے نقاب کرنے کے لئے لاہور سے ہی انکوائری ٹیم مقرر کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو شعبہ صحت میں بہتری کے لئے اٹھائے موثر اقدامات کے ثمرات مل سکیں۔