اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، جڑواں شہر راولپنڈی اور صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 16 نومبر بروز پیر اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخ بڑھ کر 5 ہزار 900 سے 6 ہزار روپے فی 40 کلوگرام تک پہنچ گئے، جس کے بعد گندم کی قیمت نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام، آٹا چکی مالکان، فلور ملز اور نان بائیوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ گندم مہنگی ہونے کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے، جس کا براہ راست بوجھ عام صارفین اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے گھریلو بجٹ متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں بنیادی غذائی ضرورت گندم کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔ دوسری جانب مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں اضافے کی وجوہات اور اس حوالے سے متعلقہ حکومتی اداروں کی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مارکیٹ میں گندم کی مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکا جا سکے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.