راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) فاروق اعظم روڈ، تھانہ صادق آباد کے قریب ایک تیز رفتار کیری ڈبہ بے قابو ہو کر آٹھ افراد کو روندتا ہوا تھانے کے باہر کھڑی گاڑیوں سے بھی ٹکرا گیا۔ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی مدد سے بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کیری ڈبے نے تھانے کے باہر کھڑی ایس ایچ او کی سرکاری کرولا گاڑی اور صحافی محمود خان کی نجی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔ زخمی ہونے والے تمام افراد تھانے میں ایک کیس کی کارروائی کے سلسلے میں موجود تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ پولیس نے کیری ڈبے کے ڈرائیور اور گاڑی کو تھانے میں تحویل میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈرائیور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔
تھانہ صادق آباد پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں اور متاثرین نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔