کلر سیداں فائرنگ واقعہ، مقتول کے بھائی کا دوست پر قتل کا شبہ

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے علاقے سروہا چوہدریاں میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مہتاب خان ولد گلفراز خان، سکنہ مغل آباد کلر سیداں، نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے والد 2009 میں وفات پا چکے تھے اور وہ دو بھائی ہیں۔

اس کا چھوٹا بھائی حمزہ علی، جس کی عمر 22 برس تھی، دوبیرن روڈ کلر سیداں میں رینٹ اے کار کا کاروبار کرتا تھا۔درخواست گزار کے مطابق گزشتہ روز وہ اور اس کا بھائی حمزہ علی گھر میں موجود تھے کہ شام تقریباً چار بجے حمزہ علی کو کسی نامعلوم شخص کی کال موصول ہوئی۔ حمزہ علی نے بتایا کہ وہ اپنے دوست عدیل اصغر کے پاس جا رہا ہے۔ بعد ازاں ثاقت ولد مناظر نے بتایا کہ عدیل اصغر رینٹ اے کار کے دفتر آیا، جہاں سے وہ حمزہ علی کے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر عامر کے ڈیرہ واقع سروہا چوہدریاں کی جانب روانہ ہو گئے۔مہتاب خان کے مطابق شام تقریباً چھ بجے عامر ولد علی اصغر اور ثاقب ولد مناظر اس کے پاس آئے اور اسے بتایا کہ کوئی مسئلہ پیش آ گیا ہے، جس پر وہ ان کے ہمراہ سروہا چوہدریاں پہنچا۔

وہاں ایک کمرے کے اندر صوفے پر اس کے بھائی حمزہ علی کی لاش خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی۔ مقتول کی بائیں آنکھ کے اوپر آتشیں اسلحہ کا فائر آر پار ہوا تھا۔درخواست گزار نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے بھائی حمزہ علی کو عدیل اصغر نے فائر کر کے ناحق قتل کیا ہے، تاہم قتل کی وجہ عناد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔