کلرسیداں: کلر بائی پاس پر سی سی ڈی پولیس کا مقابلہ، اشتہاری مجرم زعفران محمود عرف علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

کلرسیداں (نمائندہ خصوصی) تھانہ کلرسیداں کی حدود میں کلر بائی پاس کے قریب سی سی ڈی پولیس ٹیم اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 3 نامعلوم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی حفاظتی فائرنگ کی۔

اس دوران موقع پر موجود اشتہاری مجرم زعفران محمود عرف علی اپنے ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق زعفران محمود عرف علی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف ڈکیتی، راہزنی اور اقدام قتل سمیت متعدد مقدمات درج تھے۔

فائرنگ کے بعد دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے زخمی حالت میں زعفران محمود کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، خالی خول اور موٹر سائیکل قبضے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا اشتہاری مجرم زعفران محمود عرف علی سکنہ موہڑہ چھپر سوئی چیمیاں تحصیل گوجرخان عرصہ دراز سے قانون کی گرفت سے بچتا پھر رہا تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے متعدد کوششیں کی گئی تھیں۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے۔

مزید تفتیش اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں