کلرسیداں ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ کلرسیداں کی حدود شاہ باغ پیر گڑاٹہ سیداں میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث نالہ میں اچانک طغیانی آ گئی۔ مقامی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا سیکورٹی گارڈ معمول کے گشت پر تھا کہ طغیانی کے باعث پانی کے تیز بہاؤ میں گر کر بہہ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اب تک گمشدہ گارڈ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ مقامی افراد بھی تلاش کے عمل میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور نالے کے اطراف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تاہم ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ گمشدہ شخص کو جلد از جلد تلاش کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بارش کے بعد نالے میں پانی کی سطح بہت تیزی سے بلند ہوئی جس کے باعث گارڈ سنبھل نہ سکا اور تیز دھار میں بہہ گیا۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔
مزید پیش رفت کے لیے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری ہے۔