کلرسیداں(پنڈی پوسٹ نیوز)کلرسیداں کے گاؤں بناہل میں نوید حسین بھٹی نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کر دی۔ چند سال قبل ایک ٹیچر کے گھر کا سامان منتقل کرتے ہوئے تقریباً 16 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے چار کڑے گم ہوگئے تھے، جس کا شک سامان منتقل کرنے میں مدد کرنے والے گاؤں کے لوگوں پر کیا گیا۔
تقریباً ڈھائی سال بعد نوید حسین بھٹی کو اپنی دکان کی چھت کی صفائی کے دوران ایک پرانے ڈبے سے وہی سونے کے کڑے ملے۔ انہوں نے فوری طور پر چیئرمین چوہدری صداقت حسین سے رابطہ کیا اور ان کی موجودگی میں مکمل تصدیق کے بعد کڑے اصل مالک اور ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیے گئے۔
اس موقع پر ٹیچر اور اہلِ خانہ نے نوید حسین بھٹی کا شکریہ ادا کیا اور بناہل کے ان لوگوں سے معذرت بھی کی جن پر چوری کا شبہ کیا گیا تھا۔نوید حسین بھٹی نے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان اور گاؤں بناہل کی عزت بھی بڑھا دی۔