کلرسیداں میں پہلے سے ذبح شدہ مرغی کی فروخت پر نوٹس جاری

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلرسیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم کی خصوصی ہدایت پر تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار اور عمران توقیر نے کلرسیداں بازار کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ انہوں نے حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پہلے سے ذبح شدہ مرغی فروخت کرنے والے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

کارروائی کے دوران عالیان چکن سپلائرز، عدیل چکن سپلائرز، بالی چکن شاپ سمیت دیگر چکن فروشوں کو وارننگ دی گئی۔ہیلتھ انسپکٹرز کا کہنا تھا کہ پہلے سے ذبح شدہ مرغیوں کے مردہ یا بیمار ہونے کا خدشہ رہتا ہے جو متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت ہرگز استعمال نہ کریں بلکہ تازہ ذبح شدہ مرغی خریدنے کو ترجیح دیں تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔