سیدہ ماہ لیل زہرا ‘ پنڈی پوسٹ
وطن عزیزمیں یوں تو خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کو مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سماجی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہی نہیں بلکہ قابل ستائش اور باعث فخر بھی ہے کہ خواتین کی بھرپور شمولیت کی بنیاد پر ہی آج اہم قوموں کی برادری میں اپنا سر فخر سے بلند کر کے چل سکتے ہیں لیکن اسے بدقسمتی سمجھیں یا المیہ کہ بحیثیت مجموعی ہماری خواتین کو معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل ہونے اور ہرشعبہ زندگی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع دستیاب ہونے اور خواتین کے باشعور و ہنرمند ہونے اور سب سے بڑھ کر اپنے حقوق وفرائض کا بھرپور ادراک ہونے کے باوجود ایک طبقہ ایسا بھی ہے کہ جو ہر وقت یہی راگ الاپتا رہتاہے کہ پاکستان میں خواتین کی اکثریت ظلم و ستم کا شکار ہے ان کو ہر جگہ ظلم و استحصال کا سامنا ہے ، ان کو برابری کے مواقع دستیاب نہیں اور اس حوالے سے ہمیشہ پاکستان کا مسخ شدہ امیج دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے دنیا کاکوئی بھی ترقی یافتہ ملک ایسا نہیں کہ جہاں خواتین کے ساتھ ناروا سلوک نہ ہوتا ہو ، ان کے حقوق سلب نہ ہوتے ہوں، امریکہ اور مغربی ممالک میں خود خواتین جتنی غیر محفوظ ہیں اس کا تصور نہیں کیاجاسکتا، لیکن وہاں کبھی کسی این جی او یا کسی اور تنظیم نے اس طرح کا واویلا مچایا ہو جیسا کہ پاکستان کے بارے میں مچایا جاتاہے ۔ لہٰذا ایسی صورت حال میں جب آپ کو کسی ایسی تقریب میں شرکت کرنے کا موقع ملے جہاں اس امر کا برملا اعتراف کیاجائے کہ ہماری خواتین معاشرے میں باعزت مقام کی حامل ہیں اور ان کو اپنے حقوق کا نہ صرف ادراک ہے بلکہ وہ اپنی اپنی فیلڈ میں غیرمعمولی خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور معاشرے کا خوبصورت امیج ابھارنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں تو یک گونہ خوشی و طمانیت اور احساس فخر سے سربلند ہو جانا لازمی امر ہے ۔ ایسی خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خطہ پوٹھوہار کے دل گوجرخان میں ’’آس فاؤنڈیشن‘‘ کے زیراہتمام ایک نہایت ہی پروقار تقریب کا انعقاد الفضل میرج ہال کے خوبصورت ترین سبزہ زار میں کیا گیا ، اس مقصد کیلئے خطہ پوٹھوار سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کی عزت افزائی ، بلکہ حوصلہ افزائی کے فراخدلانہ مظاہرے دیکھ کر دلی مسرت و شادمانی ہوئی ، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہی ہمارااصل چہرہ ہے جس کو دنیا کی نظروں سے بوجوہ مخفی رکھا جاتاہے ۔ خطہ پوٹھوار کی خواتین کی جدوجہد ، ان کے عزم و حوصلے ، ان کی حب الوطنی اور سب سے بڑھ کر معاشرے کو سجانے سنوارنے اور اپنے شہریوں کو تعلیم، صحت ، روزگار، شعورآگہی دینے کیلئے ان کی داستانیں سن کر لامحالہ ان کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرنے کو دل چاہتاہے ۔ کیونکہ یہ وہ خواتین ہیں جن کی عزت افزائی پورے معاشرے کی عزت افزائی ہے ۔خطہ پوٹھوہار میں خواتین کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے، ہر فیصلے اور مشکل گھڑی میں خواتین کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے، خطہ پوٹھوہار میں عورت کا اپنا ایک خاص مقام ہے، خطہ پوٹھوہار کی خواتین نے بھی ہمیشہ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا ہے اور گھریلو ذمہ داریاں بھی اچھے انداز سے نبھائی ہیں ، یہی خطہ پوٹھوہار کی خواتین کی پہچان ہے، آس فاؤنڈیشن کی روح رواں محترمہ عظمیٰ ناصر اور ناصر جیلانی نے عمدہ انداز سے اس ایوارڈ شو کو منعقد کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ۔ یہ خوبصورت تقریب سید آل عمران صاحب کی کاوشوں ، سرپرستی و معاونت سے اپنی طرز کی گوجرخان میں نمایاں اہمیت کی حامل پہلی اور منفرد تقریب تھی یہ تقریب خطہ پوٹھوہار کی ان خواتین کے نام تھی جنہوں نے اس خطے میں عرصہ دراز اپنا ایک بہترین کردار ادا کیا اس تقریب کی صدارت خطہ پوٹھوہار کی نامور ماہر تعلیم دانشور محترمہ بیگم بشارت مرزا المعروف آپا بیگم نے کی،مہمان خصوصی سابق خاتون اول محترمہ نصرت پرویز اشرف تھیں، جبکہ مہمان اعزاز معروف ماہر تعلیم اور سماجی شخصیت بیگم حمیدہ قاضی ، پاکستان ٹی وی ریسرچ پروگرام کی چیئر پرسن ڈاکٹر راضیہ کنیز فاطمہ ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جوائنٹ سیکرٹری محترمہ شکیلہ جلیل اور پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما محترمہ ثمینہ شعیب تھیں،اس تقریب میں وائس آف پاکستان کے ایڈیٹر اور ممتاز صحافی و دانشور جناب وحید مراد نے خصوصی شرکت کی، محترمہ نصرت پرویز اشرف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین میں خصوصی ایوارڈ تقسیم کئے، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور نعت رسول مقبول ؐ ثانیہ زہرا نجمی نے پیش کی، چیئر پرسن آس فاؤنڈیشن عظمیٰ ناصر نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، بہت ہی خوبصورت انداز میں محسن صغیر بھٹی ایڈووکیٹ اور سید آل عمران نے تقریب کو رواں دواں رکھا ، تقریب میں بدر ہارون نائب صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ، خالد فاروق قاضی سابق نائب صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس و منیجنگ ڈائریکٹر سوزوکی موٹرزگوجرخان مظفر آباد، راجہ ظہور منظور صدر بارایسوسی ایشن گوجرخان ، احمد نواز کھوکھر صدر پوٹھوار پریس کلب گوجرخان ، سٹی کونسلر راجہ سہیل کیانی، خالدسرفراز جٹ ، وائس آف پاکستان کے ایڈیٹر وحید مراد، راجہ ابرار حسین ، غلام قمر ، چوہدری اقبال، راجہ عدنان اسلم ایڈووکیٹ ،قاضی الطاف ، ڈاکٹر خالد محمود ، ازرم خیام ، قاضی شیراز، سلیم ازرم ، طارق نجمی اور دیگر خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ آس فاؤنڈیشن کے زیرانتظام خطہ پوٹھوہار کی نامور خواتین جنہوں نے مختلف شعبہ زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں ان کو سابق خاتون اول محترمہ نصرت پرویز راجہ نے بطور مہمان خصوصی خراج تحسین پیش کیا اور گوجرخان کی مختلف شعبہ زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والی 23 خواتین کو ایوارڈز اور شیلڈز دیں ، نامور شاعر ادیب دانشور سید آل عمران نے گوجرخان کی خواتین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ، تحصیل گوجرخان کی قابل قدر خواتین کو خصوصی ایوارڈ پیش کئے گئے ان میں محترمہ آپا بیگم بشارت میرزا(تعلیم ، ادب) محترمہ سیدہ تسلیم فاطمہ (گھریلو خاتون و سماجی کارکن) ، محترمہ ناہید گلزار (پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج) محترمہ ثمینہ افسر راجہ(پاکستان تحریک انصاف) محترمہ فرح منیر(تعلیم، سماجی کارکن) محترمہ قراۃ العین صفدر راجہ ایڈووکیٹ (قانون ) محترمہ طیبہ لیاقت(تعلیم ) محترمہ پھولبر سلطانہ(ادب، سماجی کارکن) محترمہ ڈاکٹر راضیہ کنیز فاطمہ ، محترمہ بیگم حمیدہ قاضی(ماہر تعلیم، سماجی شخصیت) محترمہ سعدیہ پروین ، محترمہ انیقہ صبا خالد ، محترمہ روبینہ گریجہ (سیاست) محترمہ شمشاد بیگم (سیاست) محترمہ سیدہ نرگس نقوی(چیئر پرسن پوٹھوہاری لینگوئج اینڈ کلچرل کونسل، تعلیم)، محترمہ شکیلہ جلیل (صحافت) محترمہ ثریا راجہ(سیاست) محترمہ ثوبیہ سلطانہ ، محترمہ پروین حمیدہ، محترمہ فوزیہ(بیوٹیشن ، سماجی کارکن)محترمہ عفت عائشہ(سیاست، سماجی کارکن) محترمہ ڈاکٹر قمرالنساء (صحت و سماجی کارکن) شامل تھیں، ان خواتین نے پوٹھوہار اور گوجرخان میں خواتین کے حقوق کیلئے مناسب اور منظم انداز میں عملی جدوجہد کی بنیاد رکھی اور اپنے کام اور علم کی بدولت اپنا نام بنایا ہے احمد نواز کھوکھر، وحید مراد، خالد فاروق قاضی نے محمد بدر ہارون کو گلدستہ اور خصوصی شیلڈ پیش کی ۔
85