پولیس اہلکار کو شہید کرنیوالا ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) صدر واہ کے علاقے میں رات گئے خطرناک ڈکیتوں نے سی سی ڈی اور صدر واہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو قدرت اللہ مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت قدرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو افغان شہریت رکھتا تھا۔ قدرت اللہ متعدد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی کی بیسیوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو گزشتہ روز شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل سید سجاد حسین پر حملے میں بھی ملوث تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کانسٹیبل سید سجاد حسین کی شہادت کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی اور دیگر پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا۔ ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ فرار ہونے والے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود دلیرانہ مقابلہ کرنے پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی سی سی ڈی، ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او ٹیکسلا، سی سی ڈی اور پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ “شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے”۔

اپنا تبصرہ بھیجیں