پنجاب میں تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب بھر میں ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ پرپابندی عائد کی گئی ہے، چیف الیکشن کمشنر نے صوبے میں تقرر و تبادلوں کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں پربھی پابندی عائد کی ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام کو مراسلہ بھی جاری کردیا جس میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی کابینہ سے پروٹوکول واپس لینے کی بھی ہدایت کردی۔ادھر پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں پر الیکشن کمیشن سے رجوع کا فیصلہ کرلیا، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سانحہ 25 مئی میں ملوث اور پی ڈی ایم قیادت کے قریب افسران کی پنجاب میں تقرری رکوانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی 18 افسران کی پنجاب میں تقرری رکوانے کے لئے الیکشن کمیشن کو درخواست دے گی۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلال صدیق کمیانہ اور سمیر سید کے خلاف درخواست دے گی، اس کے علاوہ سہیل ظفر چٹھہ، نبیل اعوان اور دیگر افسران کے خلاف بھی الیکشن کمیشن میں درخواست دی جائے گی، جس میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی جائے گی کہ سانحہ 25 مئی میں ملوث افسران کو نگران سیٹ اپ پنجاب میں تعینات نہ کیا جائے، پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر کام کرنے والے افسران کو بھی نگران سیٹ اپ میں نہ لگایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں