لاہور(سی این پی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک 412افراد کو20کروڑ روپے سے زائد کے آسان قرضے دیئے جاچکے ہیں جبکہ 43کروڑ روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کے 620کیسز منظور ہوچکے ہیں۔30 ارب روپے سے زائد کی اس سکیم کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے پنجاب روزگار سکیم کی پیشرفت، اہمیت اور افادیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکیم کے تحت نیا کا روبار شروع کرنے، موجودہ کاروبار کے فروغ اور کرونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کے لئے قرضے دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی اس سکیم سے مرد، خواتین، خواجہ سرا اور خصوصی افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت آئندہ 5 سالوں میں 30 ارب روپے سے زائد کے آسان قرضے دیئے جائیں گے اور اس سکیم سے 16لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور 16 ہزار ایس ایم ایز مستفید ہونگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے روزگار کی فراہمی کے ویژن کے مطابق اس انقلابی سکیم کا اجرا کیا ہے۔ پاکستان اور پنجاب کی معیشت کی بہتری کے لئے ایسی مزید سکیمیں لارہے ہیں۔
201